کراچی: ایم کیو ایم پاکستان میں حالیہ کشیدگی کے بعد معاملات کو سلجھانے کی کوششیں تیز ہوگئی ہیں اور دونوں دھڑوں کے درمیان رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔
چند روز قبل بہادرآباد مرکز میں ہونے والے پارٹی اجلاس کے بعد رہنماؤں اور کارکنوں کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے تھے۔ اس دوران ایم پی اے اعجاز الحق، رہنما ذاکر اور مخالف گروپ کے کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی تھی۔
ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق نے دعویٰ کیا تھا کہ مخالف گروپ کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ان کا ایک کارکن زخمی ہوا، جبکہ پتھراؤ کے باعث بھی متعدد کارکن زخمی ہوئے۔
تاہم پارٹی ذرائع کے مطابق اب دونوں دھڑوں کے رہنماؤں نے کشیدگی کم کرنے کے لیے بات چیت کا آغاز کر دیا ہے اور اختلافات ختم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران دونوں گروپوں کی مشترکہ پریس کانفرنس متوقع ہے، جس میں مستقبل کی حکمت عملی اور پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل سے متعلق اہم اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔