یورپی حکام نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ہفتے اسپین، جرمنی، اٹلی، سوئٹزرلینڈ اور برطانیہ ایک نئی اور زیادہ شدت کی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں، جبکہ پرتگال میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے پیش نظر ریڈ الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔
ادھر امریکا میں بھی شہریوں کو خطرناک گرمی سے محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے شدید ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق موجودہ گرمی کی لہر مستقبل میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث درپیش ہونے والے مزید سخت حالات کا ابتدائی اشارہ ہے۔ ادارے نے خبردار کیا کہ آنے والے برسوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے، اس لیے یورپی ممالک کو ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے اپنے حفاظتی اور ہنگامی اقدامات کو مزید مؤثر بنانا ہوگا۔
صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر ڈبلیو ایچ او نے 6 جولائی کو یورپ میں ہیٹ ویو اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔