پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال کی شادی کی تاریخ سامنے آ گئی ہے، جس کی تصدیق ان کے قریبی خاندان کی جانب سے بھی کر دی گئی ہے۔
گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر مومنہ اقبال کی شادی سے متعلق مختلف افواہیں گردش کر رہی تھیں، تاہم اب ان کی بہن اور وکیل رمشا اقبال نے ان خبروں کی باضابطہ تصدیق کرتے ہوئے تفصیلات شیئر کی ہیں۔
دوسری جانب شادی سے قبل مومنہ اقبال ایک سنگین تنازع کا سامنا کر رہی ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں انکشاف کیا تھا کہ ایک بااثر سیاسی شخصیت کی جانب سے انہیں اور ان کے اہلِ خانہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔ اس حوالے سے اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری بھی شیئر کی تھی، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر کارروائی شروع کر دی۔
رمشا اقبال، جو کہ اس کیس کی قانونی پیروی بھی کر رہی ہیں، نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کیس میں پیش رفت مثبت رہی ہے اور تمام ضروری شواہد متعلقہ حکام کو فراہم کر دیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق ایک رکنِ صوبائی اسمبلی (MPA) کو بھی طلب کیا گیا ہے اور معاملے کی تفتیش جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خاندان اس معاملے کو زیادہ میڈیا پر نہیں لے جانا چاہتا، تاہم انہیں حکومت کی جانب سے سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ ان کے مطابق نہ صرف مومنہ اقبال بلکہ ان کے ہونے والے سسرال کو بھی سیکیورٹی دی گئی ہے، کیونکہ انہیں بھی دھمکیوں کا سامنا رہا ہے۔
رمشا اقبال نے یہ بھی واضح کیا کہ مومنہ اقبال کی شادی محمد حمزہ حبیبی سے ہو رہی ہے اور نکاح یکم جون کو انجام پائے گا۔ ان کے مطابق یہ رشتہ مکمل طور پر خاندان کی باہمی رضامندی سے طے ہوا ہے اور ان کے ہونے والے شوہر ان کے قریبی رشتہ دار نہیں ہیں۔
رمشا اقبال کا کہنا تھا کہ وہ اس کیس کی پیروی جاری رکھیں گی، کیونکہ انہوں نے بیرونِ ملک سے قانون کی ڈگری حاصل کی ہے اور پاکستان میں بھی قانونی تجربہ رکھتی ہیں۔