جیولن کا سب سے بڑا مقابلہ قریب، ارشد بمقابلہ نیرج پھر تیار

فہرستِ مضامین

پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز 2026 کے مینز جیولن تھرو مقابلوں میں فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔ گلاسگو کے سکاٹسٹون اسٹیڈیم میں کھیلے گئے کوالیفائنگ راؤنڈ میں انہوں نے 78.63 میٹر کی تھرو پھینک کر بہترین 12 ایتھلیٹس میں جگہ بنائی۔

ارشد ندیم براہِ راست کوالیفکیشن کے لیے مقررہ 84 میٹر کا ہدف تو عبور نہ کر سکے، تاہم مجموعی رینکنگ کی بنیاد پر فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہے۔

کوالیفائنگ مرحلے میں سری لنکا کے رومیش پتھیراجے نے 82.84 میٹر کی تھرو کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز 81.29 میٹر کے ساتھ دوسرے اور جنوبی افریقہ کے ڈاؤ سمتھ 80.64 میٹر کی تھرو کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

دوسری جانب ارشد ندیم کے روایتی حریف، بھارت کے نیرج چوپڑا نے 79.61 میٹر کی تھرو کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنا لی۔ اب دونوں عالمی ایتھلیٹس ایک بار پھر طلائی تمغے کی دوڑ میں آمنے سامنے ہوں گے، جس کا شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

پاکستان کے ایک اور جیولن تھرو ایتھلیٹ محمد یاسر سلطان 74.36 میٹر کی تھرو کے ساتھ 14ویں نمبر پر رہے اور فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکے۔

کامن ویلتھ گیمز 2026 کے مردوں کے جیولن تھرو کا فائنل یکم اگست کو گلاسگو کے سکاٹسٹون اسٹیڈیم میں ہوگا، جہاں ایک بار پھر ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا کی دلچسپ رقابت مرکزِ نگاہ رہے گی۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں