2026 فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں اسپین کے ہاتھوں شکست کے بعد ارجنٹینا کی قومی ٹیم اور اس کی فٹبال فیڈریشن (AFA) مشکلات میں گھر گئی ہے۔ عالمی فٹبال تنظیم فیفا نے ارجنٹینا کے متعدد کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف، شائقین اور فٹبال فیڈریشن کے خلاف مختلف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر باضابطہ تادیبی کارروائی شروع کر دی ہے۔
فائنل کے بعد ہنگامہ آرائی پر کارروائی
ورلڈ کپ فائنل میں اسپین سے 1-0 کی شکست کے فوراً بعد میدان میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جھڑپ ہوئی۔ اس واقعے پر ارجنٹینا کے لیانڈرو پاریدیس، ناہویل مولینا اور اسسٹنٹ کوچ روبرٹو آیالا کے خلاف مبینہ تشدد کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، جبکہ ارجنٹینا کے تھیاغو المادا اور اسپین کے گاوی پر غیر اسپورٹس مین رویے کا الزام لگایا گیا ہے۔
متنازع بینر بھی تادیبی کارروائی کی زد میں
فیفا نے ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن (AFA) پر ایک اور الزام بھی عائد کیا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل جیتنے کے بعد ارجنٹائنی کھلاڑیوں نے “Las Malvinas son Argentinas” (مالویناس ارجنٹینا کا حصہ ہیں) لکھا ہوا بینر اٹھایا تھا، جو برطانیہ اور ارجنٹینا کے درمیان متنازع فاک لینڈ جزائر کے تنازع سے متعلق سیاسی نعرہ سمجھا جاتا ہے۔
فیفا کے مطابق کھیل کے میدان کو سیاسی پیغام رسانی کے لیے استعمال کرنا اس کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، اسی بنیاد پر AFA کے خلاف بھی کارروائی شروع کی گئی ہے۔
شائقین پر بھی امتیازی رویے کے الزامات
فیفا نے ارجنٹینا کے شائقین پر بھی نسلی امتیاز پر مبنی نعرے، اشاروں، میدان میں اشیاء پھینکنے اور سیکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کیے ہیں۔ ان تمام معاملات کو بھی ڈسپلنری کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
ممکنہ سزائیں کیا ہوسکتی ہیں؟
اگر الزامات ثابت ہوگئے تو متعلقہ کھلاڑیوں کو کئی بین الاقوامی میچز کے لیے معطل کیا جا سکتا ہے، جبکہ کوچنگ اسٹاف پر بھی پابندیاں لگنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن کو بھاری جرمانے، وارننگ، شائقین کی تعداد محدود کرنے یا آئندہ مقابلوں میں اضافی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم موجودہ صورتحال میں ارجنٹینا پر آئندہ ورلڈ کپ سے پابندی لگنے کا امکان انتہائی کم قرار دیا جا رہا ہے، البتہ مستقبل میں ایسی خلاف ورزیاں دہرائے جانے کی صورت میں سخت اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔