سابق آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر ڈیوڈ وارنر کو شراب کے نشے میں گاڑی چلانے کے جرم میں عدالت نے سزا یافتہ قرار دیتے ہوئے 1500 آسٹریلوی ڈالرز جرمانہ عائد کردیا۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق وارنر نے گزشتہ ماہ عدالت میں اپنا جرم تسلیم کیا تھا، جس کے بعد کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے انہیں سزا سنادی۔
ڈیوڈ وارنر کے وکیل اویس احمد نے عدالت سے درخواست کی کہ ان کے مؤکل کو سزا یافتہ قرار نہ دیا جائے۔ وکیل کا مؤقف تھا کہ واقعے کی عالمی سطح پر میڈیا کوریج ہوچکی ہے، جس سے وارنر کے مالی معاہدے بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔
عدالت نے تاہم قرار دیا کہ شراب پی کر ڈرائیونگ کی حوصلہ شکنی کے لیے واضح پیغام دینا ضروری ہے، جبکہ وارنر کے دوبارہ ایسا جرم کرنے کا امکان بھی کم ہے۔
عدالتی حکم کے تحت وارنر کو ڈرائیونگ کے لیے گاڑی میں الکوحل انٹرلاک ڈیوائس نصب کروانا ہوگی۔ یہ ڈیوائس گاڑی اسٹارٹ ہونے سے قبل ڈرائیور کے منہ میں الکوحل کی مقدار چیک کرتی ہے اور الکوحل کی موجودگی میں گاڑی کو اسٹارٹ ہونے سے روک دیتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ڈیوڈ وارنر پاکستان سپر لیگ کے دوران چھٹیوں کے لیے سڈنی گئے ہوئے تھے۔ سڈنی میں ان کا رینڈم بریتھ ٹیسٹ کیا گیا، جہاں وہ شراب پی کر گاڑی چلاتے ہوئے پائے گئے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ٹیسٹ کی جگہ پہنچنے سے قبل وارنر نے گاڑی میں موجود اپنے ساتھی کے ساتھ سیٹ بھی تبدیل کی تھی۔