چین کا ایران کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا دوٹوک اعلان

فہرستِ مضامین

امریکہ کی جانب سے ایران پر مزید پابندیوں اور اس سے منسلک اداروں کے خلاف کارروائی کی دھمکیوں کے باوجود چین نے تہران کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا واضح اعلان کردیا ہے۔

چینی وزارتِ خارجہ نے واشنگٹن کے ممکنہ اقدامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین اور ایران کے درمیان تعاون بین الاقوامی قانون کے دائرے میں ہوتا ہے اور کسی بھی ملک کو اس میں مداخلت یا رکاوٹ ڈالنے کا حق نہیں۔

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لن جیان نے منگل کو پریس کانفرنس میں کہا کہ بیجنگ ایران کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ چین اپنے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔

امریکا کی ایران کے خلاف نئی پابندیاں

دوسری جانب امریکا نے پیر کو ایران سے متعلق 60 افراد، اداروں اور بحری جہازوں پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا۔

واشنگٹن کے مطابق ان پابندیوں کا مقصد ایران کی اقتصادی سرگرمیوں اور مالیاتی روابط کو شدید متاثر کرنا ہے۔ تاہم امریکی حکام کے مطابق ابھی ایران کے خلاف ممکنہ طور پر سب سے سخت پابندیوں کا مرحلہ نہیں آیا۔

چین کا تازہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن ایران کے خلاف اقتصادی دباؤ بڑھانے کی کوشش کررہا ہے، جبکہ بیجنگ نے واضح کردیا ہے کہ امریکی دباؤ کے باوجود ایران کے ساتھ اپنے قانونی اور باہمی تعاون کو ختم کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں