نائن الیون کے 27 سال بعد مقدمہ شروع ہونے کی تیاری، خالد شیخ پر فردِ جرم کا معاملہ

فہرستِ مضامین

نائن الیون حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ خالد شیخ محمد کے خلاف مقدمے کی باقاعدہ سماعت شروع کرنے کی تیاریاں جاری ہیں، امریکی میڈیا کے مطابق فوجی عدالت جون 2028 میں مقدمے کی کارروائی شروع کرے گی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی میڈیا کی متعدد رپورٹس میں ایک جج کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ خالد شیخ محمد کے خلاف کیس کی سماعت جون 2028 میں شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

خالد شیخ محمد کو القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے اہم قریبی ساتھیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہیں مارچ 2003 میں پاکستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔

گرفتاری کے بعد خالد شیخ محمد کو تقریباً تین سال تک سی آئی اے کے خفیہ حراستی مراکز میں رکھا گیا، جس کے بعد 2006 میں انہیں کیوبا میں قائم امریکی فوجی اڈے گوانتاناموبے منتقل کردیا گیا۔

نائن الیون حملے 11 ستمبر 2001 کو امریکہ میں کیے گئے تھے، جنہیں جدید عالمی تاریخ کے اہم ترین واقعات میں شمار کیا جاتا ہے۔ حملوں کے دوران ہائی جیک کیے گئے طیارے نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے دونوں ٹاورز سے ٹکرائے، جس کے نتیجے میں عمارتیں تباہ ہوگئیں اور تقریباً 3 ہزار افراد ہلاک ہوئے۔

اس وقت کی امریکی حکومت نے حملوں کی ذمہ داری القاعدہ پر عائد کی تھی، جس کے سربراہ اسامہ بن لادن افغانستان میں موجود تھے۔

نائن الیون کے تقریباً ایک ماہ بعد امریکہ نے افغانستان میں فوجی کارروائی شروع کی اور طالبان کی حکومت کا خاتمہ کردیا، جس کے بعد عالمی سطح پر دہشت گردی کے خلاف ایک طویل جنگ کا آغاز ہوا۔

بعد ازاں امریکہ نے 2 مئی 2011 کو پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں کارروائی کرتے ہوئے اسامہ بن لادن کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں