کویت اور پاکستان کے درمیان دفاعی روابط میں بڑی پیش رفت

فہرستِ مضامین

دونوں ممالک نے عسکری ہم آہنگی بڑھانے، تجربات کے تبادلے اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے پر اتفاق کیا ہے۔

اسلام آباد میں کویت اور پاکستان کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوگئے، جس کا مقصد دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون اور رابطوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

معاہدے پر کویتی وزارتِ دفاع اور پاکستانی وزارتِ دفاع کے حکام نے دستخط کیے۔ اس موقع پر کویتی وفد کی قیادت وزیرِ دفاع شیخ عبداللہ الصباح جبکہ پاکستانی وفد کی سربراہی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کی۔

تقریب میں چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان اور پاکستان میں کویت کے سفیر نصار عبدالرحمن المطیری سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور کویت کے دوطرفہ تعلقات، بالخصوص دفاعی اور عسکری شعبوں میں تعاون کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

دونوں جانب سے علاقائی اور عالمی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے جاری کوششوں کی حمایت پر بھی بات چیت ہوئی۔

وزارتِ دفاع کے مطابق دفاعی تعاون کا یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان عسکری روابط کے فروغ میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ معاہدے کے تحت عملی ہم آہنگی کو بہتر بنانے، دفاعی تجربات اور مہارتوں کے تبادلے اور مسلح افواج کی تیاری و پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں