ایرانی عہدیدار کا امریکا کو انتباہ، آبنائے ہرمز کھولنے سے پہلے واشنگٹن سے عملی اقدامات کا مطالبہ
ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے خلاف کسی قسم کی جارحانہ کارروائی کی گئی تو تہران امریکی فوجی اور معاشی مفادات کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
تہران میں قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی سے ملاقات کے دوران محسن رضائی نے کہا کہ ایران کو امریکا پر اعتماد نہیں، کیونکہ واشنگٹن ماضی میں کئی مرتبہ سفارت کاری اور مذاکرات کے عمل سے پیچھے ہٹ چکا ہے۔
محسن رضائی کا کہنا تھا کہ اگر امریکا نے ایران کے خلاف کوئی فوجی کارروائی کی تو ایران کی جانب سے ایسا ردعمل دیا جائے گا جس کے اثرات طویل عرصے تک یاد رکھے جائیں گے۔
آبنائے ہرمز سے متعلق ایرانی عہدیدار نے کہا کہ اسے دوبارہ کھولنے سے پہلے امریکا کو ایران کی شرائط پوری کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران اس وقت تک آبنائے ہرمز کھولنے کی جانب پیش رفت نہیں کرے گا جب تک امریکا کی جانب سے تہران کے مطالبات پر عملی اقدامات سامنے نہیں آتے۔