بہن کی شادی میں رمشا خان نے خود کو کیمروں سے کیوں چھپائے رکھا؟

فہرستِ مضامین

اداکارہ نے شوہر کی پابندیوں کی خبروں کی تردید کردی، نجی زندگی کو کیمروں سے دور رکھنے کی خواہش ظاہر

پاکستانی اداکارہ رمشا خان کی بہن اور انفلوئنسر علیشا خان کی شادی کی تقریبات گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر خاصی توجہ کا مرکز رہیں، تاہم شادی کی تقریبات میں رمشا خان اور ان کے شوہر اداکار خوشال خان کی عدم موجودگی نے مداحوں کو حیران کردیا۔

سوشل میڈیا پر شادی کی مختلف تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئیں، جن میں دلہن کی بہن رمشا خان زیادہ تر دکھائی نہیں دیں۔ دونوں کی غیر موجودگی پر مختلف قیاس آرائیاں بھی کی گئیں۔

رمشا خان اور خوشال خان کو شادی کی صرف ایک تقریب میں دیکھا گیا، جہاں دونوں نے انتہائی سادہ لباس زیب تن کر رکھا تھا۔ اس موقع پر دونوں نے ماسک اور چشموں کا استعمال بھی کیا، جس کے باعث ان کی شناخت نمایاں طور پر سامنے نہیں آئی۔

بعدازاں ایک ٹی وی میزبان نے شادی کے دوران رمشا خان سے ہونے والی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے ان کی عدم موجودگی کی وجہ بیان کی۔

میزبان کے مطابق رمشا خان نے واضح کیا کہ ان کے شوہر کی جانب سے ان پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود کیمروں کے سامنے آنے سے گریز کرنا چاہتی ہیں اور ’رمشا خان‘ کے نام سے ہیش ٹیگ بھی نہیں چاہتیں۔

میزبان کے مطابق رمشا خان اپنی موجودہ زندگی سے خوش ہیں اور اب نجی زندگی گزارنے کو ترجیح دے رہی ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ اداکارہ کی پرائیویسی اور ان کے فیصلے کا احترام کیا جائے۔

یوں بہن کی شادی میں رمشا خان کی کم موجودگی کی وجہ شوہر کی پابندی نہیں بلکہ ان کی اپنی نجی زندگی کو میڈیا اور سوشل میڈیا کی توجہ سے دور رکھنے کی خواہش بتائی گئی ہے۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں