لندن: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل شروع ہوگیا، انگلینڈ نے پہلے دن کے اختتام پر 9 وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنائے تھے۔
دوسرے دن انگلینڈ کی جانب سے گس اٹکنسن 34 جبکہ جوش ٹنگ ایک رن کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کو انگلینڈ کی آخری وکٹ جلد حاصل کرنے کے بعد اپنی پہلی اننگز شروع کرنے کا موقع ملے گا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی، جس کا قومی ٹیم کے فاسٹ بولرز نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ سازگار بولنگ کنڈیشنز میں پاکستانی پیسرز نے انگلش بیٹنگ لائن کو ابتدا ہی سے دباؤ میں رکھا۔
محمد عباس نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 انگلش کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد علی نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ خرم شہزاد کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
انگلینڈ کے اوپنرز پاکستان کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے۔ بین ڈکٹ 17 اور ایمیلو گے 8 رنز بنا کر محمد عباس کا شکار ہوئے۔ انگلش کپتان جو روٹ بھی صرف 4 رنز بنا سکے جبکہ جوفرا آرچر 14 رنز پر محمد عباس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
ابتدائی نقصان کے بعد جارڈن کاکس اور وکٹ کیپر بیٹر جیمی اسمتھ نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ جارڈن کاکس نے 55 جبکہ جیمی اسمتھ نے 61 رنز کی اننگز کھیلی۔
پہلے روز خراب روشنی کے باعث کھیل مقررہ وقت سے قبل ختم کردیا گیا تھا، جس کے باعث انگلینڈ اپنی اننگز مکمل نہ کرسکا۔
دوسرے روز پاکستان کی پہلی ترجیح انگلینڈ کی آخری وکٹ حاصل کرنا ہوگی، جس کے بعد قومی ٹیم اپنی پہلی اننگز کا آغاز کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے اسکور پر برتری حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔