ملائیشیا کا کراچی کیلئے فضائی رابطہ بحال کرنے کا اعلان

فہرستِ مضامین

کراچی: ملائیشیا نے پاکستان کے ساتھ تجارتی اور کاروباری روابط مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کراچی کیلئے فضائی رابطہ بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

سندھ کے گورنر سید محمد نہال ہاشمی سے ملائیشیا کے نو تعینات قونصل جنرل محمد یونس ابراہیم نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ اور عوامی و کاروباری روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان وفود کے تبادلوں کو فروغ دیا جائے گا تاکہ باہمی تعلقات کو مزید وسعت دی جاسکے۔ انہوں نے ملائیشین سیاحوں کو پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں، بالخصوص کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے لیے پرکشش مقامات موجود ہیں۔

سید محمد نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں فلم فیسٹیولز کا انعقاد ایک دوسرے کی ثقافت، روایات اور سماجی اقدار کو سمجھنے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی سرجیکل آلات کی دنیا بھر میں بڑی مانگ ہے، اس لیے اس شعبے میں ملائیشیا کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دی جاسکتی ہے۔

اس موقع پر ملائیشیا کے قونصل جنرل محمد یونس ابراہیم نے اہم اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ملائیشین ایئرلائنز جلد کراچی کیلئے پروازیں شروع کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی سفارت کاری ملائیشیا کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت میں اضافے کیلئے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ بالخصوص سبزیوں کے تیل کے شعبے میں تجارتی تعاون بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔

ملائیشین قونصل جنرل نے پاکستان میں ٹیکنالوجی، الیکٹرک گاڑیوں اور شمسی توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شعبے ملائیشیا کی ترجیحات میں نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔

مزید خبریں

مقبول ترین خبریں