امیر بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی کے صاحبزادے پرنس بہاول عباسی نے ملک کی اہم سیاسی قیادت کو خط لکھتے ہوئے بہاولپور کو دوبارہ صوبہ بنانے سے متعلق قرارداد پر ازسرنو غور کرنے کی درخواست کردی۔
خط میں پرنس بہاول عباسی نے یاد دلایا کہ 9 مئی 2012 کو پنجاب اسمبلی نے بہاولپور کی صوبائی حیثیت بحال کرنے کی قرارداد منظور کی تھی، جس کے ساتھ جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کی قرارداد بھی منظور کی گئی تھی۔
خط کے مطابق یہ قرارداد مسلم لیگ ن کی جانب سے پیش کی گئی تھی، جبکہ پیپلز پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی اس کی حمایت کی تھی۔
پرنس بہاول عباسی نے سیاسی رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ پنجاب اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد پر دوبارہ غور کیا جائے اور بہاولپور صوبے کی بحالی کا معاملہ بلا تاخیر قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ایجنڈے پر لایا جائے۔
یہ خط صدر مملکت آصف علی زرداری، مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے علاوہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر، جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کو بھی ارسال کیا گیا ہے۔